واشنگٹن 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دو عہدیداروں کو برطرف کردیا ہے جنہوں نے ایوان نمائندگان میں کانگریس کی کمیٹی کے روبرو مواخذہ کی تحریک میں گواہی دی تھی ۔ واضح رہے کہ تین دن قبل سینیٹ نے انہیں تمام الزامات منسوبہ سے بری کردیا تھا ۔ دو عہدیداروں گورڈن سونڈلینڈ ‘ امریکی سفیر برائے یوروپی یونین اور لیفٹننٹ کرنل الیگزینڈر ونڈمن کو برطرف کیا گیا ہے ۔ ونڈمن یوکرین کے امور پر وائیٹ ہاوز میں قومی سلامتی کونسل کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ ونڈ من اور سونڈ لینڈ نے مواخذہ کی تحریک میں گواہی دی تھی اور وہ دو اہم گواہ سمجھے جا رہے تھے ۔ ان عہدیداروں کے وکلاء نے کہا تھا کہ انہیں سچ کہنے کی پاداش میں وائیٹ ہاوز چھوڑنے کو کہا گیا ہے ۔