واشنگٹن 17جولائی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ان کی حکومت کیلیفورنیا کے ہائی اسپیڈ ریل منصوبہ کے لیے فنڈز فراہم نہیں کرے گی۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ وفاقی حکومت کا ایک بھی ڈالر اس گھوٹالہ میں دوبارہ خرچ نہیں کیا جائے گا۔ جس ریلوے لائن کو مکمل کرنے کا ہم سے وعدہ کیا گیا تھا وہ ابھی تک تیار نہیں ہے اور نہ ہی کبھی ہو گی۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شین ڈفی نے اس بات کی تصدیق کی کہ کیلیفورنیا کے ہائی اسپیڈ ریل منصوبہ کے لیے تقریباً چار ارب امریکی ڈالر کی رقم نہیں دی جائے گی۔ ڈفی نے کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم اور ہائی اسپیڈ ریل منصوبے سے جڑے موجودہ مسائل پر تنقید کی۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا کہ گورنر نیوزوم اور کیلیفورنیا کی ہائی اسپیڈ ریل کی خرابیاں حکومت کی نااہلی اور ممکنہ طور پر کرپشن کی مثال ہیں۔کیلیفورنیا ہائی اسپیڈ ریل منصوبہ کو 2008 میں منظوری ملی تھی لیکن اسے مسلسل تاخیر، لاگت میں اضافے اور دیگر رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔ اس کے باوجود ریاستی حکام بار بار یہی دعویٰ کر رہے ہیں کہ منصوبہ جاری ہے ۔