واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش کرنے والے 20 کی دہائی کی عمر والے نوجوان تھامس میتھیو کروکس کے بارے میں ہر روز نئی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔ حال ہی میں شائع ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہیکہ کروکس گزشتہ ہفتے کو پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی میں ڈونالڈ ٹرمپ کو گولی مارنے سے ایک گھنٹہ پہلے کیا کر رہا تھا۔امریکی اے بی سی نیٹ ورک سے وابستہ مقامی سٹیشن ڈبلیو ٹی اے ای کی طرف سے شائع ایک مختصر ویڈیو کلپ میں پس منظر میں ایک شخص دکھائی دے رہا ہے جو شوٹر کی تفصیل سے میل کھا رہا ہے۔ اس کلپ کو ایک ایسے شخص نے فلمایا جو بٹلر پنسلوانیا میں انتخابی ریلی میں موجود تھا۔ ویڈیو بنانے والا یہ شخص اس تقریب میں موجود ہجوم کے سائز کا تعین کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ویڈیو کے اوپری دائیں کونے میں ایک شخص کو ہلکے رنگ کے کپڑے پہنے دکھایا گیا۔ وہ اس عمارت کے قریب گھوم رہا ہے جس پر کروکس ٹرمپ کو نشانہ بنانے کیلئے چڑھا تھا۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہیکہ ایک ایسی جگہ پر متعدد پولیس اہلکار موجود تھے جہاں پس منظر میں وہ شخص گھوم رہا تھا جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہیکہ وہ ہی مجرم ہے۔