ٹرمپ کا دورہ سعودیہ دونوں ممالک میں ’’ قابل اعتماد شراکت‘‘ کا عکاس

   

ریاض ۔ 13 مئی (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز سعودی عرب کے سرکاری دورے پر دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔ ان کے اس دورہ کو امریکہ کی سرکردہ سیاسی شخصیات نے اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ امریکی سینیٹ کے کئی ارکان نے ٹرمپ کے دورے کو سعودی عرب سے امریکہ کی ’’قریبی اور مثبت شراکت‘‘ کا مظہر قرار دیا ہے۔امریکی سینیٹر کرس کونز نے العربیہ؍ الحدث سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے یقین ہے کہ آنے والے دو دنوں میں بہت کچھ بدلنے والا ہے‘‘۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان شراکت ہمیشہ قریبی اور مثبت رہی ہے اور سعودی عرب خطہ میں امریکی مفادات کے لیے ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی دوران ریپبلکن سینیٹر سینتھیا لومیس نے امید ظاہر کی کہ ڈونالڈ ٹرمپ اس دورے میں تمام معاملات بہ شمول تجارت اور سفارت کاری میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ امریکی صدر خطہ کو زیادہ پْرامن اور خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ اس دورہ میں ایک بڑے وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے ہیں، جس میں کئی اعلیٰ حکومتی وزراء اور سینئر حکام شامل ہیں۔ اس دورے کے دوران کئی اہم امور پر گفتگو متوقع ہے، جن میں غزہ کی صورتحال، خطہ کی سلامتی ، ریاض اور واشنگٹن کے درمیان شراکت اور متعدد تجارتی معاہدہ شامل ہیں، جن کا اعلان سعودی۔ امریکی بزنس فورم کے دوران متوقع ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے، جسے عالمی سطح پر خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔