ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کیلئےمیں سب سے زیادہ اہل ہوں : بائیڈن

   

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ یہ گذشتہ ماہ ریپبلکن حریف ڈونالڈ ٹرمپ کے مقابل صدارتی مباحثے میں خراب کارکردگی کے بعد ان کی پہلی پریس کانفرس ہے۔ پریس کانفرنس کے آغاز پر 81 سالہ بائیڈن نے اپنے سامنے اسکرین سے جو پڑھا وہ ان کیلئے مقررہ مواد کے بر عکس تھا۔ البتہ امریکی صدر کا لہجہ معمول سے اونچا تھا۔ پریس کانفرنس میں بائیڈن سے ایک بار پھر زبان کی لغزش ہو گئی۔ جب انہوں نے اپنی نائب صدر کملا ہیرس کو ڈونالڈ ٹرمپ بنا دیا۔ بائیڈن سے جب پوچھا گیا کہ اگر وہ دست بردار ہو جائیں تو کیا کملا ہیرس ڈونالڈ ٹرمپ کو شکست دے سکتی ہیں۔ اس پر بائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر میں شروع سے ہی یہ نہ سمجھتا کہ وہ صدر بننے کی اہلیت رکھتی ہیں تو میں نائب صدر ٹرمپ کو صدر کی نائب کے طور پر نہیں چنتا۔پریس کانفرنس میں جو بائیڈن نے باور کرایا کہ “میں سمجھتا ہوں کہ صدارتی نامزدگی کا امیدوار بننے کیلئے میں سب سے زیادہ اہل شخص ہوں۔ میں نے اسے (ٹرمپ کو) ایک بار ہرایا اور اب ایک بار پھر شکست دوں گا۔ میں رکوں گا نہیں اور صدارتی دوڑ سے ہر گز دست بردار نہیں ہوں گا۔