ٹرمپ کا ہندوستان کے ساتھ نئی تجارتی ڈیل کا اعلان

   

واشنگٹن، 11 نومبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان کے ساتھ نئی تجارتی ڈیل کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ ایک معاہدہ کر نے جارہے ہیں جو ماضی سے مختلف ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان مرحلہ وار روس سے تیل کی خریداری ختم کر رہا ہے ۔ ہم کسی بھی وقت ہندوستان کے محصولات کم کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس وقت اُنہیں پسند نہیں کرتا تاہم وہ جلد ہی انہیں دوبارہ پسند کرنے لگے گا۔ صدر ٹرمپ نے سرجیو گور کو ہندوستان کیلئے امریکی سفیر تعینات کردیا، سرجیو گور نے ہندوستان کیلئے امریکی سفیر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

ٹرمپ کے اعتراف سے امریکی رول بے نقاب :ایران
تہران، 11 نومبر (یو این آئی) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میکسیکو میں صیہونی سفیر کے قتل کی کوشش پر مبنی امریکی و صیہونی الزام کو مسترد کرتے ہوئے اُسے بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کیخلاف صیہونی حکومت کی متعدد سازشوں میں سے ایک یہ ہیکہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کو خراب کرنا چاہتی ہے ۔ ایران کیخلاف صیہونی جارحیت میں اپنی شمولیت کے حوالے سے ٹرمپ کے مجرمانہ اعتراف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے امریکی وزیر خارجہ نے صاف طور پر دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ کا کوئی کردار نہیں۔

ٹرمپ کی مخالفت کرنے والے سینئر ترین جج احتجاجاً مستعفی
واشنگٹن، 11 نومبر (یو این آئی) امریکی جج نے صدر ٹرمپ کے قانون پر حملے کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ بطور جج 50 سالہ سروس کے بعد وفاقی جج مارک ایل وولف نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دیا کہ اب خاموش رہنا ناقابلِ برداشت ہے ۔ امریکی وفاقی جج مارک ایل وولف نے اخبار میں مضمون لکھا کہ عدلیہ جمہوریت کے تحفظ کی علامت ہے ، ٹرمپ قانون کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کررہے ہیں ۔ وفاقی عدالت کے جج نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے قانون کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ دے دیا۔ جج وولف نے لکھا کہ ٹرمپ مخالفین کو نشانہ بنا رہے ہیں، وہ اپنے حامیوں اور سرمایہ کار دوستوں کو سزا سے بچا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مارک ایل وولف کو صدر رونالڈ ریگن نے 1985میں جج مقرر کیا تھا۔