صدر امریکہ ہاسپٹل میں بھی کام میں مصروف ، تصاویر جاری
واشنگٹن :صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کو کورونا پازیٹیو ہونے کے بعد ملٹری ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی صحت بہتر بتائی جارہی ہے اور بخار بھی نہیں ہے ۔ انہیں کل پیر کو دواخانہ سے ڈسچارج کیا جائے گا ۔ میڈیکل ٹیم نے کہا کہ ٹرمپ کا آکسیجن لیول اب 98 فیصد ہے ۔ ٹرمپ کو دی جانے والی کورونا کی دوسری خوراک بھی مکمل ہوگئی ہے ۔ ان کے جگر اور گردے بہتر طور پر کام کررہے ہیں ۔ ان کے اعضاء مستحکم ہیں ۔ قبل ازیں وائٹ ہاؤز نے آج صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دو تصاویر جاری کی ہیں جن میں اُنہیں والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سنٹر کے صدارتی سوٹ سے کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کورونا پازیٹیو ہونے کے بعد انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے دواخانہ سے ایک ویڈیو بھی جاری کیا اور کہا کہ آئندہ چند دن ان کے علاج کیلئے اصل آزمائش کے دن ہونگے۔
