مخالف ووٹ دینے صدر کی موجودگی میں عوام کے نعرے
واشنگٹن ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو کل عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ سپریم کورٹ کے آنجہانی جسٹس رتھ بیدر گنگ برگ کو خراج عقیدت پیش کرنے پہونچے تھے ۔ جج کا تابوت سپریم کورٹ کے باہر رکھا ہوا تھا اور جب ٹرمپ وہاں پہونچے تو عوام نے ان کے خلاف نعرے لگائے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ سیاہ ماسک چہرے پر لگائے ہوئے تھے اور وہ خاتون اول میلانیہ ٹرمپ کے ساتھ تھے اور وہ تابوت کے رقیب کھڑے ہوئے تھے ۔ وہاں جمع ہوئے عوام نے ان کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور ان کے خلاف ووٹ ڈالنے جیسے نعرے بلند کئے ۔ واضح رہے کہ امریکہ میں 3 نومبر کو صدارتی انتخابات کیلئے رائے دہی ہونے والی ہے اور بظاہر یہ کہا جا رہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کو عوامی ناراضگی اور غیض و غضب کا سامنا ہے ۔ ان حالات میں امریکی سپریم کورٹ کے جج کی موت پر بھی عوام کی برہمی پائی جاتی ہے ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی سپریم کورٹ کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر عوامی ناراضگی کا سامنا کرنے اور نعروں کی سماعت کرنے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ اپنے دفتر واپس ہوگئے اور وہ کچھ دیر خاموش بیٹھے رہے ۔ امریکی صدر نے 2017 میں اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے دو مرتبہ سپریم کورٹ میں تقررات کئے ہیں اور 18 ستمبر کو ایک 87 سالہ جج کی موت کے بعد انہوں نے نئے جج کا تقرر کرنے کا بھی اشارہ دیا ہے ۔ انتخابات سے دو ماہ سے کم وقت سے قبل اس طرح کا تقرر کرنے ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلان پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے اور ریپبلیکن اور ڈیموکریٹس ارکان اس پر ایک دوسرے پر تنقیدیں کر رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ٹرمپ تنازعہ کے باوجود تقرر کرنے کے فیصلے پر اٹل ہیں۔
