ٹرمپ کی ثالثی کی بات بچکانہ:بی جے پی

   

بنگلورو، 15 مئی (یو این آئی) بی جے پی نے جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان تنازعہ میں ثالثی کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے تبصرے کو’’بچکانہ ‘‘اور ہندوستان کی صورتحال کے لئے غیر متعلق قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا، نیز کہا کہ جب تک دہشت گردی رہے گی، ہندوستان کی فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بی جے پی کرناٹک کے انچارج اور راجیہ سبھا ایم پی ڈاکٹر رادھا موہن داس اگروال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے کیا کیا، یہ صرف انہیں ہی معلوم ہے ۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے بچے کھڑی ٹرین کو دھکا دے کر کہتے ہیں کہ ٹرین انہوں نے ہی چلائی ہے ۔ ان کا رویہ اتنا ہی بچکانہ ہے ۔ بی جے پی کسی بھی قسم کی ثالثی کو سختی سے مسترد کرتی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ یہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) ہی تھے جنہوں نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو فون کرکے آپریشن روکنے کی درخواست کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے حقیقی طور پر کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی ہوتی تو یہ تنازعہ 9 مئی کو ہی ختم ہو سکتا تھا۔