ٹرمپ کے بھتیجے کملا ہیریس کو ووٹ دیں گے

   

نیویارک: فریڈ ٹرمپ سوم نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیریس کو ووٹ دیں گے۔ فریڈ ری پبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے بھتیجے ہیں۔ وہ اپنے انٹرویوز میں ڈونالڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔فریڈ نے ایک کتاب بھی لکھی ہے جس میں اْنہوں نے ڈونالڈ ٹرمپ کے بارے میں ایسا بہت کچھ بتایا ہے جو میڈیا کے ذریعے بھی عام امریکیوں تک نہیں پہنچ سکا۔ فریڈ کا کہنا ہیکہ اْس کے خاندان کو الجھنوں سے دوچار کرنے میں ڈونالڈ ٹرمپ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔فریڈ نے اپنی کتاب میں یہ بھی بتایا ہیکہ ترکے کی تقسیم کے حوالے سے خاندان میں غیرمعمولی جھگڑے ہوتے رہے ہیں۔ اْنہوں نے ٹرمپ پر املاک کے بٹوارے میں ناانصافی برتنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔فریڈ آج کل اپنی کتاب ’’آل اِن دی فیملی : دی ٹرمپس اینڈ ہاؤ وی گاٹ دِز وے‘‘ کی پروموشن میں مصروف ہے۔ اس کتاب میں پورے خاندان کا کچا چٹھا کھولا گیا ہے اور ڈونالڈ ٹرمپ کی کارستانیوں کو کْھل کر بیان کیا گیا ہے۔