جرح کی تفصیلات ڈیموکریٹس کے حوالے کرنے محکمہ انصاف کو ڈسٹرکٹ جج کا حکم
واشنگٹن۔ /26 اکٹوبر، (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذہ کی تحقیقات کیلئے چند عدالتی دستاویزات طلب کرنے والے ڈیموکریٹس کو آج کامیابی ملی جب ایک جج نے محکمہ انصاف کو ہدایت دی کہ خصوصی کونسل رابرٹ ملر کی روسی تحقیقات سے متعلق ایوان کی رازدارانہ گرانڈ جیوری کی تفصیلات ڈیموکریٹس کو حوالے کرنے کا حکم دیا۔ امریکہ کے چیف ڈسٹرکٹ جج بیرل ہاویل نے اپنی اس رولنگ میں جو بذات خود مواخذہ تحقیقات کیلئے ایک قانونی جواز کی توثیق تصور کی جاتی ہے، یہ حکم دیا کہ محکمہ انصاف کی طرف سے 30 اکٹوبر تک یہ مواد فراہم کردیا جائے۔ محکمہ انصاف کی ایک خاتون ترجمان نے کہا کہ اس فیصلہ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ یہ رولنگ ایک ایسے وقت آئی جب امریکی ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ ارکان، ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے یوکرین کے ذریعہ سابق نائب صدر جوبیڈن اور صدر ٹرمپ کے دیگر سیاسی حریفوں کے بارے میں تحقیقات کی مساعی سے متعلق جرح کی تفصیلات جمع کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ رابرٹ ملر سے منسوب یہ مواد، 2016کے انتخابات کے دوران ٹرمپ کے اقدامات کے بارے میں قانون سازوں سے چھپائی گئی تفصیلات کا انکشاف کرسکتا ہے اور مواخذہ تحریک کا ایک اہم حصہ بن سکتا ہے۔