ٹریفک قوانین سے آگہی اجلاس اور مفت طبی کیمپ کا انعقاد

   

کاماریڈی: 4؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سڑک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کو بحفاظت گھروں تک پہنچانے کے مقصد سے ریاست گیر سطح پر جاری ’’Arrive Alive – خیریت سے واپس آئیں‘‘ مہم کے تحت ضلع پولیس آفس کاماریڈی میں ایک بیداری اجلاس اور مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا یہ پروگرام ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی چیتنیا ریڈی کی نگرانی میں منعقد ہوا جبکہ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم راجیش چندرا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔اس موقع پر مجموعی طور پر 136 ڈرائیورس کے مفت آنکھوں کے معائنے کیے گئے اور ڈاکٹروں کے تعاون سے تقریباً 20 افراد کو بلا معاوضہ عینکیں فراہم کی گئیں۔ جن ڈرائیورس کو مزید علاج کی ضرورت ہے، ان کے علاج کا انتظام محکمہ پولیس کی جانب سے مخیر حضرات کے تعاون سے کرنے کا تیقن دیا گیا۔ ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سڑک حادثات کسی کو نہیں بخشتے اور ایک کفیل کی موت پورے خاندان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی خصوصی اقدامات کے باعث ضلع میں سڑک حادثات میں اموات کی شرح میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔ فروری 2024 میں 22 اموات ریکارڈ کی گئیں، جب کہ فروری 2025 میں یہ تعداد گھٹ کر 14 ؍ فروری 2026 میں مزید کم ہو کر 12 رہ گئی۔ انہوں نے ڈرائیورس کو شراب نوشی کے بعد گاڑی نہ چلانے، غلط سمت میں ڈرائیونگ سے گریز کرنے، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنانے اور تیز رفتاری سے بچنے کی تلقین کی۔ پروگرام میں مقامی پولیس اور ٹریفک عہدیداران کے علاوہ بڑی تعداد میں ڈرائیورس نے شرکت کی۔