سائبر جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پانے احکامات، چیف منسٹر کی خصوصی توجہ
حیدرآباد:/18 جنوری (سیاست نیوز) قانون و نظم مستحکم کرنے اور عوام کی اہم تشویشات خاص طور پر گریٹر حیدرآباد علاقے میں ٹریفک کے مسائل کو دور کرنے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے نوجوان آئی پی ایس افسران کو تعینات کیا ہے۔ حکومت کی شہری انتظامیہ بہتر بنانے کی ترجیح کے تحت کل ہونے والی تبدیلیوں کا مقصد شہریوں کو درپیش ٹریفک مسائل کے طویل مدتی اور پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔ فیلڈ میں ثابت شدہ تجربہ رکھنے والے جوان اور متحرک آئی پی ایس افسران کو ٹریفک کی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ موثر نفاذ یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے سائبر جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ پر سختی سے قابو پانے کے واضح احکامات جاری کئے۔ ان اقدامات کو زور شور سے جاری رکھتے ہوئے اب ٹریفک ریگولیشن اور نفاذ کو مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ یہ تبادلے حیدرآباد ، سائبر آباد اور رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹس سمیت گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی حدود اور نئے قائم کیے جانے والے فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کئے گئے ہیں۔ اضلاع میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر مؤثر کارکردگی دکھانے والے افسران کو شہری کمشنریٹس میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق اویناشکمار جو پہلے کتہ گوڑم (آپریشنز) میں ایڈیشنل ایس پی تھے، کو حیدرآباد میں ڈی سی پی ٹریفک-I (خیریت آباد اور سکندر آباد زونز) تعینات کیا گیا ہے۔ کاجل جو پہلے اٹنور میں ایڈیشنل ایس پی تھیں کو حیدرآباد میں ڈی سی پی ٹریفک-II (گولکنڈہ اور جوبلی ہلز زونز) تعینات کی گئی ہیں۔ ایس سیشادری ریڈی جو پہلے جگتیال میں ایڈیشنل ایس پی تھے کو سائبر آباد میں ڈی سی پی ٹریفک-II (کوکٹ پلی اور قطب اللہ پور زونز) تعینات کیا گیا ہے۔ کنکنالا راہول ریڈی جو پہلے بھونگیر میں ایڈیشنل ایس پی تھے کو ملکاجگیری کمشنریٹ میں ڈی سی پی ٹریفک-I تعینات کیا گیا ہے۔ خاص طور پر، شیوام اپادھیائے، مولوگ (آپریشنز) میں ایڈیشنل ایس پی کو فیوچر سٹی کمشنریٹ میں ڈی سی پی (ٹریفک) مقرر کیا گیا ہے۔ چندنا دیپتی (ڈی آئی جی، ریلوے) کو فیوچر سٹی کمشنریٹ میں ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (ایڈمنسٹریشن اینڈ ٹریفک) تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح بی کے راہول ہیگڈے جو پہلے حیدرآباد میں ڈی سی پی ٹریفک تھے، کو فیوچر سٹی کمشنریٹ میں ڈی سی پی ٹریفک-III ( راجندر نگر اور شمش آباد زونز) منتقل کیا گیا ہے، جبکہ رنجن رتن کمار جو پہلے سائبر آباد میں ڈی سی پی ٹریفک تھے کو فیوچر سٹی کمشنریٹ میں ڈی سی پی ٹریفک-I (شیر لنگم پلی زون) تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ابھیشیک موہنتی کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل، ویجیلنس اینڈ انفورسمنٹ مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد ریاست بھر میں ریت کی اسمگلنگ جیسی غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانا، قدرتی وسائل کی حفاظت اور سرکاری آمدنی کی حفاظت کرنا ہے۔ حال ہی کی تبادلے چیف منسٹر کے متوازن نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہیں جو تجربے کو جوانی کی توانائی کے ساتھ ملا کر پولیس کی کارکردگی بڑھانے کا ہے۔ یہ اقدام پولیس حلقوں میں کافی بحث کا باعث بنا ہے اور ریاست بھر میں ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی خدمات کی فراہمی کو نمایاں طور پر مضبوط کرنے کی توقع ہے۔ب