مودی نے جن دھن بینک اکاؤنٹس کھلائے، ریونت ریڈی ان کھاتوں کو لوٹ رہے ہیں
حیدرآباد ۔13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کی اس تجویز کی سخت مخالفت کی کہ گاڑیوں کے چلانات کے بینک اکاؤنٹ سے منہا کئے جائیں گے۔ بنڈی سنجے نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے چیف منسٹر کو دستور ، قانون اور عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے فیصلہ کرنا چاہئے ۔ کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور میں گاڑیوں کے چالانات 50 فیصد معاف کرنے کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا ۔ دو سال گزرنے کے باوجود اس وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا لیکن اچانک چیف منسٹر نے چالانات کو بینک اکاؤنٹ سے منہا کرنے کا جو اعلان کیا ہے ، وہ عوام کو غصہ دلانے کے مترادف ہے جس کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ کانگریس حکومت پہلے سڑکوں کی تعمیرات پر توجہ دیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ناکارہ سڑکیں ہونے کی وجہ سے حادثات کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ، اس کی فکر کرنے کے بجائے چیف منسٹر چالانا کی فکر کرتے ہوئے کسی بھی طرح سے اپنے خالی سرکاری خزانہ کو بھرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ روڈ سیفٹی کو حکومت اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ ٹریفک پولیس صرف ٹریفک چالانات کی وصولی پر توجہ دے رہی ہے ۔ ایسے میں چیف منسٹر کو اپنے وعدہ کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ جو سڑکیں ہیں ، انہیں درست کرنے کی فکر کرنی چاہئے لیکن عوام کے جیب کو کاٹنے کو جو کوشش کی جارہی ہے ، وہ ٹھیک نہیں ہے ۔ ریاست میں بلدی نظم و نسق کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے ، باوجود اس کے سڑکوں کی تعمیرات و مرمت پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی میں بہت بڑا فرق ہے ، کانگریس عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے جبکہ بی جے پی مزدوروں کے زیادہ آمدنی فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کی وجہ سے نریندر مودی نے جن دھن کھاتہ کھولے ہیں اور کانگریس حکومت اسی بینک کھاتوں سے پیسوں کو لوٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر کانگریس پارٹی کو اپنے 420 وعدے یاد نہیں ہے تو وہ دوبارہ اپنے انتخابی منشور کا جائزہ لیں ، پھر عوام کی ترقی یا فلاح و بہبود پر توجہ دیں۔2
