حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد ٹریفک پولیس نے سوسائٹی آف سائبر آباد سیکوریٹی کونسل ( ایس سی ایس سی ) کے اشتراک سے جمعہ کو ’ٹریفک مارشل ‘ کا آغاز کیا ہے ۔ ٹریفک مارشلس کو آئی ٹی کمپنیز کی جانب سے مامور کیا گیا ہے لیکن انہیں پولیس کی جانب سے ٹریننگ دی گئی ہے اور تعینات کیا گیا ہے تاکہ اہم جنکشن پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جائے اور اس میں باقاعدگی لائی جائے ۔ ایس سی ایس سی کے نامزد ٹریفک فورم لیڈر راجیش بالا راجو نے کہا کہ ’ یہ آئی ٹی انڈسٹری کی ایک منفرد پہل ہے جو ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے ‘ انہوں نے کہا کہ اب 83 ٹریفک مارشلس مقرر کئے گئے ہیں لیکن یہ تعداد آئی ٹی کمپنیوں کے تعاون سے 500 تک پہنچ سکتی ہے ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر اویناش موہنتی نے تمام کمپنیوں پر زور دیا کہ ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ( ٹریفک ) ڈی جوئیل ڈیوس نے کہا کہ ٹریفک مارشلس کی تعیناتی کے ساتھ ٹریفک پولیس قواعد پر سختی سے عمل کرانے پر توجہ دے پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹریفک مارشلس کو ایک الگ قسم کا یونیفارم فراہم کیا گیا ہے اور ان کے یونیفارم پر ٹریفک مارشل لوگو پرنٹ ہے اور ایک مختلف کیاپ فراہم کی گئی ہے ۔ ٹریفک مارشل صبح 8 تا 11-30 بجے دن اور شام 4-30 تا 9-30 بجے شب خدمات انجام دیں گے ۔۔