ٹونک : راجستھان کے ضلع ٹونک کے صدر تھانہ علاقہ میں گزشتہ شب ایک ٹریلر کی ٹکر سے جیپ میں سوار ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کی دردناک موت ہوگئی اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مدھیہ پردیش کے راج گڑھ سے تعلق رکھنے والے سونی خاندان کے لوگ ضلع سیکر کے مشہور مذہبی مقام کھاٹو شیام جی کے درشن کے لئے آئے تھے ۔ یہ لوگ رات کے تقریبا 9.30 بجے درشن کرنے کے بعد مدھیہ پردیش کے لئے واپس روانہ ہوئے ۔ رات کے تقریباً ڈھائی بجے جے پور کوٹہ قومی شاہراہ پر ٹونک کے ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقرہباًایک کلو میٹر دور ایک پلیا پر پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹریلر نے ماردی،جس سے جیپ پلیا کی دیواراور ٹریلر کے درمیان پھنس کر رہ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس حادثہ میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں چار مرد ، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو ٹونک کے سعادت اسپتال سے جے پور ریفر کردیا گیا ہے ۔ حادثے کا شکار افراد مدھیہ پردیش کے ضلع راج گڑھ کے جیرا پور گاؤں کے رہائشی تھے ۔ حادثے کی اطلاع پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔