ٹسٹ میں اوپنر کے مظاہرے تشویش کا باعث : وکرم

   

نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نومنتخب بیٹنگ کوچ وکرم راتھوڑ نے کہا ہیکہ ٹسٹ کرکٹ میں اوپنرس اور ونڈے میں میڈل آرڈر کے ناقص مظاہرے تشویش کا باعث ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں وہ ان خامیوں پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی تیار کریں گے۔ راتھوڑ کو سنجے بانگر کے مقام پر ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے اور ان کا پہلا امتحان جنوبی افریقی ٹیم کی میزبانی اور مہمان ٹیم کے خلاف ونڈے اور ٹسٹ سیریز ہوگی۔ 15 ستمبر کو جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان سیریز کا آغاز ہورہا ہے اور نئے بیٹنگ کوچ راتھوڑ کی سیریز میں ہندوستان کے خامیوں کو دور کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بی سی سی آئی کی ویب سائیٹ پر موجود تفصیلات کے بموجب نئے کوچ نے کہا ہیکہ ونڈے میں ٹیم کا میڈل آرڈر بہتر مظاہرہ نہیں کررہا ہے جبکہ ٹسٹ میں اوپنرس کے مظاہرے تشویش کے باعث ہیں اور سب سے پہلے ان مسائل پر قابو پایا جائے گا۔ راتھوڑ نے کہا کہ شری یاس ایر اور منیش پانڈے میڈل آرڈر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بہتر کھلاڑی ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شری یاس ایر نے گذشتہ چند مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کیا ہے جبکہ منیش پانڈے کے مظاہرے بھی اطمینان بخش ہیں۔ دونوں ہی کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اور انڈیا اے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں اوپننگ کا مسئلہ ہندوستان کیلئے تشویش کا باعث ہے جیسا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے بھلے ہی میزبان ٹیم کے خلاف 2-0 کی کامیابی حاصل کی ہے لیکن اوپننگ میں کے ایل راہول کے مظاہرے مایوس کن رہے۔