ٹسٹ چمپیئن شپ میں ہندوستان کو 18 سیریزکھیلنے کا موقع

   

دبئی۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کا آغاز آئندہ ماہ سے ہو رہا ہے جہاں آسٹریلیا کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز میں مدمقابل آئیگی تاہم اس چمپئن شپ میں پاکستان اور سری لنکا کے حصے میں سب سے کم سیریز آئی ہیں۔ سب سے زیادہ سیریز ونڈے کا ورلڈ چمپئن ملک انگلینڈکھیلے گا۔تفصیلات کے مطابق ٹسٹ درجہ بندی میں ٹاپ کی نو ٹیمیں چمپئن شپ میں حصہ لیں گی، اس چمپئن شپ کی معیاد دو سال رکھی گئی ہے ۔ ٹسٹ چمپئن شپ کا فیصلہ کن میچ انگلینڈ میں جون 2021ء کو کھیلا جائے گا۔ اسی عرصہ میں ہر ٹیم چھ سیریز کھیلے گی جن میں سے 3 ہوم جبکہ 3 اووے سیریز ہونگی۔ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں ٹسٹ سیریز میں مدمقابل نہیں آئینگی جب تک دونوں ٹیمیں فائنل میں رسائی حاصل نہ کر لیں۔ ہر ٹیم کو سیریز میں کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ پانچ میچز کھیلنے ہوں گے۔ ہر سیریز کے 120 پوائنٹس رکھے گئے ہیں اس لحاظ سے ہر ٹیم کے پاس 720 پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع ہے۔ ٹسٹ چمپئن شپ میں پاکستان اورسری لنکا کو سب سے کم فی کس13 سیریز دی گئی ہیں جن میں 6 گھریلو میدانوں اور7 اووے سیریز ہیں۔ہندوستان کو 18، آسٹریلیا کو 19، انگلینڈکو22، نیوزی لینڈ 14، جنوبی افریقہ 16، ویسٹ انڈیز 15، اور بنگلہ دیش کو 14 سیریز دی گئی ہیں۔ پاکستان رواں سال دو ہوم سیریز کھیلے گا جن میں سے اکتوبر میں دوٹسٹ کے لئے سری لنکا کی میزبانی کرے گی جبکہ نومبر دسمبر میں آسٹریلیا کی ٹیم دو ٹسٹ میچز کھیلے گی۔ 2020ء میں پاکستان 3 سیریز کھیلے گا، ہوم سیریز بنگلہ دیش کیخلاف جبکہ دو سیریز اووے کھیلے گا۔ جولائی، اگست 2020 میں ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے جہاں تین ٹسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ دسمبر میں پاکستان دو ٹسٹ میچز کھیلنے کے لئے نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گا۔ جنوری، فروری 2021 میں پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔