ٹماٹر کی قیمت میں مزید اضافہ کا خدشہ300 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے قیمت

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: سبزیوں کی شان ٹماٹر کا ان دنوں بھاو بڑھا ہوا ہے۔ قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں اور لوگ اب ایک کلو کی بجائے ایک پاؤ خرید رہے ہیں۔ مارکیٹ میں کم ہورہا ٹماٹر لوگوں کے کچن اور پلیٹوں سے بھی آہستہ آہستہ غائب ہو رہا ہے۔ دریں اثنا ماہر زراعت اور نیشنل کموڈٹیز مینجمنٹ سروسز لمیٹڈ کی رپورٹ نے ہوش اڑا دئے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ آنے والے وقت میں ٹماٹر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ ین سی ایم ایل کے ایم ڈی اور سی ای او سنجے گپتا کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ ابھی رکنے والا نہیں ہے۔ بارش کے باعث نئی فصلیں بھی نہیں لگائی جا رہیں جبکہ پرانی فصلیں بڑے پیمانے پر خراب ہو رہی ہیں۔ آئندہ ہفتے ٹماٹر کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ بارش رکنے کے بعد ہی اس کی قیمتیں دوبارہ کم ہونے کی امید ہے۔مارکیٹ اور منڈی میں ٹماٹروں کی نئی کھیپ پہنچنے میں کمی آئی ہے اور ملک میں اس کی خوردہ قیمتیں مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں۔ جون میں جہاں ٹماٹر 40 روپے کلو فروخت ہو رہا تھا تو وہ جولائی کے پہلے ہفتے میں ہی 100 روپے کا ہندسہ عبور کر گیا۔ یہ ابھی نہیں رکے گا اور جلد ہی ٹماٹر کی قیمت 200 روپے اور پھر 300 روپے فی کلو تک جاتی نظر آرہی ہے۔ بارش کے باعث ملک کے کئی علاقوں سے ٹماٹروں کی آمد کم ہوگئی ہے۔سنجے گپتا کا اندازہ ہے کہ ستمبر کے بعد ہی ٹماٹر کی قیمتوں پر پوری طرح سے قابو پایا جا سکے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ اس کی قیمتیں 2 ماہ سے زیادہ عرصے تک عام آدمی کے بجٹ سے باہر رہیں گی۔ ٹماٹر 60 سے 90 دن کی فصل ہے اور ابھی برسات کا موسم ہونے کی وجہ سے اس پر قابو نہیں پایا جا سکتا ہے۔ لہٰذا اس کی قیمتیں کم ہونے میں ا بھی وقت لگے گا۔