ٹمبرڈپو مالک کے اغواء میں ملوث ٹولی بے نقاب، 7 افراد گرفتار

   

رقمی لین دین اصل وجہ، پولیس ایل بی نگر کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) ایل بی نگر پولیس نے ٹمبر ڈپو مالک کے اغوا میں ملوث ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتایا کہ 2 جولائی کو پولیس میں کیف ٹیڈرس کے ڈرائیور امیر نے شکایت کی تھی کہ چند افراد نے ٹمبر ڈپو کے مالک آصف اکبانی کا اغوا کرلیا ہے۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور اس سلسلہ میں 37 سالہ نعمان فضلانی، 40 سالہ طارق امین ساکنان راجندر نگر، 35 سالہ ندیم ساکن آغاپورہ، 34 سالہ شکور سیلانی ساکن خیرت آباد، 41 سالہ عمران عرف جابری ساکن چارمینار، 41 سالہ عمران غازی ساکن عطاپور اور 55 سالہ سنتوش ماس ساکن عطاپور کو گرفتار کرلیا۔ اغواء کے بعد آصف کیانی کو ناگپور کے قریب چھوڑ دیا گیا جبکہ اس ٹمبر ڈپو کے مالک کا اغواء کرنے کے ساتھ ساتھ اغواء کاروں نے ٹمبرڈپو سے لکڑی کا سرقہ کرلیا۔ ایک لاری اور ایک ڈی سی ایم میں لکڑی لاد کر راجندر نگر منتقل کردیا۔ آصف اکبانی اور نعمان فضلانی کے درمیان رقمی لین دین کا معاملہ تھا جو تنازعہ کی شکل اختیار کرگیا تھا۔ کاروبار میں رقمی لین دین تھی اور آصف اکبانی تقریباً ایک کروڑ کی رقم ادا شدنی تھی اور اس کے لئے نعمان فضلانی نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے آصف اکبانی کا اغواء کیا اور اسے چھوڑ بھی دیا۔ پولیس ایل بی نگر نے اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا۔