ممبئی، 10 اگست (یو این آئی) رمیش سپی کی ہدایت کاری والی بلاک بسٹر فلم شعلے کا 6 ستمبر کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ٹی آئی ایف ایف) میں خصوصی پریمیئر ہوگا۔شعلے ، ہندوستانی سنیما کی تاریخ کی ایک بلاک بسٹر فلم، 15 اگست 1975 کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم شعلے اگلے ہفتے اپنی ریلیز کے 50 سال مکمل کر رہی ہے ۔ فلم شعلے کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اس فلم کو 4کے ورژن میں دوبارہ ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے سوشل میڈیا پر شعلے کے 4 کے ری اسٹورڈ ورژن کے شمالی امریکہ کے پریمیئر کا اعلان کیا۔ فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے فاؤنڈیشن نے لکھا ‘رمیش سپی کی ہدایت کاری میں بنی بہترین فلم ‘شعلے ’ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے شمالی امریکہ کے پریمیئر کے ساتھ 50 سال مکمل کر رہی ہے ۔ یہ خصوصی اسکریننگ 6ستمبر 2025کو 1,800 نشستوں والے رائے تھامسن ہال میں ایک شاندار تقریب میں ہوگی۔امیتابھ بچن نے اس موقع پر کہا زندگی میں کچھ چیزیں ہمیشہ کیلئے ذہن پر نقش ہوجاتی ہیں، شعلے بھی ایسی ہی ایک فلم ہے ، اس فلم کی شوٹنگ ایک ناقابل فراموش تجربہ تھا۔، لیکن اس وقت مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ ہندوستانی سنیما کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی۔