ٹورنٹو گیس کمپنی کے قیام پر عوام کا اظہار تشویش

   

کسانوں کو پریشانیوں کا خطرہ ، سابق وزیر ڈاکٹر چندر شیکھر کی میڈیا سے بات چیت
کوہیر : 30 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر اے چندرا شیکھر سابق وزیر و انچارج حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کانگریس پارٹی نے کل کوہیر منڈل کے موضع مدری کی عوام کے اصرار پر موضع کا دورہ کرتے ہوئے ٹورنٹو گھریلو گیس سپلائی کمپنی کے مقام کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں ڈاکٹر چندر شیکھر نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنٹو گیس کمپنی کے خلاف موضع کی عوام میں ایک طرح کی تشویش پائی جارہی ہے کو اس گیس کمپنی سے آئندہ کبھی بھی گیس کے پائپ لائن کسی وجہ سے پھٹ جانے سے عوامی جانو ںکو کوئی خطرہ نہ ہو اور اطراف کمپنی کے کسانوں کو اپنی فصل نکالنے میں کوئی دشواریاں نہ ہو ۔ اس میں زیادہ تر گنے کے کسانوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنے کے امکانات بتائے جارہے ہیں اور اس کے علاوہ کسانوں کو کئی قسم کے شکوک پائے جارہے ہیں ۔ اس وجہ سے ٹورنٹو کمپنی کے انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ گاؤں کے کسانوں اور عوام کو پوری طرح اطمینان بھروسہ دلاتے ہوئے کمپنی کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کریں جس کیلئے ظہیرآباد ریونیو ڈیویژنل آفسیر کی قیادت میں موضع مدری کے کسانوں اور عوام سے بات چیت کریں ۔ عوام اطمینان ظاہر کرنے پر ہی ٹورنٹو گیس کمپنی کے کاموں کا آغاز کریں اور اس کمپنی سے گاؤں والوں کو کیا فائدہ ہے اور یہاں کے کتنے لوگوں کو اس میں ملازمت دی جائے گی ۔ اس طرح تمام تفصیلات کو یہاں کی عوام کو واقف کروائیں کیونکہ یہاں کی عوامی زندگی زیادہ تر شعبہ زراعت پر ہی منصر ہے ۔ زراعت ختم ہوجائے گی تو عوام بیروزگار ہوجائیں گے ۔ اس موقع پر محمد شمشیر علی صدر کانگریس پارٹی کوہیر ٹاؤن ، محمد شوکر علی سابق ایم پی پی ، محمد معز الدین ، محمد شاکر علی ، رامیا سابق سرپنچ مدری ، محمد اعظم الدین ، محمد عبدالحنان جاوید ، اقبال ، نرسملو ،ملن پاٹل ، محمد ارشد علی صدر بلاک کانگریس کے علاوہ مقامی عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔