ٹول کٹ کیس : شانتانو ملک کو 9مارچ تک گرفتاری سے تحفظ

   

نئی دہلی : شانتانو ملک جو کسانوں کے احتجاج سے متعلق سوشل میڈیا پر ’ٹول کٹ‘ کا تبادلہ کرنے میں مبینہ طور پر دشا روی کے ساتھ ملوث ہونے پر اِس کیس میں ملزم ہے، انھیں ایک عدالت نے 9 مارچ تک گرفتاری سے تحفظ عطا کردیا ہے۔ آج یہاں ایڈیشنل سیشنس جج دھرمیندر رانا نے جہدکار کو راحت عطا کی جبکہ دہلی پولیس نے بتایا کہ اُسے مزید تحقیقات اور پوچھ گچھ کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔ اِس سے قبل پولیس نے شانتانو کی پیشگی ضمانت عرضی پر اپنا تفصیلی جواب داخل کیا۔ جج نے جواب کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کو ہدایت دی کہ 9 مارچ تک شانتانو کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔ شانتانو کو اِس کیس میں دشا اور نکیتا جیکب کے ساتھ ماخوذ کیا گیا ہے۔