ٹولی چوکی میں انٹر میڈیٹ امتحان میں نقل نویسی

,

   

ایک خانگی کالج کے ارکان اسٹاف اور متعدد طلبہ گرفتار،مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ /18 مارچ (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس اور محکمہ تعلیم کے ایک مشترکہ آپریشن میں بڑے پیمانے کی نقل نویسی میں ملوث انٹرمیڈیٹ کے 8 طلباء کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ٹولی چوکی میں واقع نیو مدینہ کالج ٹولی چوکی کے انتظامیہ کی جانب سے طلباء سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے نقل نویسی اور ان کی مدد کیلئے فی امیدوار 5 تا 8 ہزار روپئے وصول کئے جارہے تھے ۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحان کیلئے تلبیسی شخصی کے ذریعہ امیدوار کے بجائے دیگر افراد بھی امتحان تحریر کررہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر کمشنر ٹاسک فورس پولیس اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے آج اچانک کارروائی کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ کے کیمسٹری امتحان کے دوران نیو مدینہ جونیر کالج ٹولی چوکی پر دھاوا کیا اور وہاں سے 8 طلباء محمد اقبال عباس ، فیروز مرزا ، محمد احمد حسین ، احمد نذیر ، محمد ریاض ، محمد ریان نظیر ، نثار احمد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ اسی طرح ٹاسک فورس نے کالج کے انتظامیہ سے وابستہ شعیب تنویر ، صباء ، شاہدہ شیرین اور سید کلیم الدین کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ کیمسٹری کے امتحان کے دوران مذکورہ طلباء بڑے پیمانے پر نقل نویسی میں ملوث ہورہے تھے اور کالج انتظامیہ انہیں مکمل طور پر مدد کررہا تھا ۔ گرفتار افراد کو گولکنڈہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ پولیس نے ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔