ہونا لولو: ٹونگا میں 15 جنوری کو ہنگا ٹونگا۔ ہنگا ہاپائی آتش فشاں پھٹنے اور اسکی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ملک میں مجموعی طور پر نقصانات کا تخمینہ 9 کروڑ 4 لاکھ امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ٹونگا کی نیوز ویب سائٹ ماتانگی ٹونگا آن لائن نے منگل کے روز بتایا کہ عالمی بینک کی جانب تباہی کے تخمینے کی رپورٹ کے مطابق یہ نقصان ٹونگا کی مجموعی ملکی پیداوار کے تقریبا 18.5 فیصد کے برابر ہے، عالمی بینک کی یہ رپورٹ ٹونگا میں تباہی کے بعد شائع ہونے والی اس طرح کی پہلی رپورٹ ہے۔ایک اندازے کے مطابق آتش فشاں کے پھٹنے، سونامی اور راکھ سے جزیرے پر 85 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ٹونگا کے مرکزی جزیرے ٹونگاٹاپو کو تقریبا 6 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا سب سے زیادہ نقصان ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پورے ملک میں نقصانات میں نمایاں فرق ہے ، اٹاٹا اور مانگو سمیت مختلف جزیرے تقریبا تباہ ہو چکے ہیں جبکہ واوا مجموعہ جزائر کو راکھ سے کم نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ میں رہائشی عمارتوں، غیر رہائشی عمارتوں، بنیادی ڈھانچے ، زراعت، جنگلات، ماہی گیری کو براہ راست نقصان اور راکھ کی صفائی کا تخمینہ فراہم کیا گیا ہے۔