حیدرآباد 29 مئی ( سیاست نیو ز ) چیف منسٹر کے سی آر نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرکے ٹڈی دل کی دہشت کو روکنے تلنگانہ میں مشنری کو چوکس کردیا ۔ چار اضلاع نظام آباد ، کاماریڈی ، آصف آباد، بھوپال پلی کی فصلیں ٹڈیوں سے تباہ ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ٹڈی دل کے مہاراشٹرا کے شہر امراوتی میں داخل ہونے کی اطلاع پر چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرکے ٹڈیوں کے تلنگانہ میں امکانی داخلہ پر احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکسی اختیار کریں ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ ٹڈی دل کی رفتار سولہ کیلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ امراوتی میں سترہ کیلو میٹر پر ان کا گروپ پھیلا ہوا ہے ۔ مہاراشٹرا کے سرحدی اضلاع میں مکمل چوکسی ہے ۔