مرکز کے فیصلہ سے تاجروں کو راحت، فروری میں مسئلہ کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا
حیدرآباد۔31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹکسٹائیلز انڈسٹری اور بافندوں کی جانب سے جی ایس ٹی میں اضافہ کے خلاف نمائندگی کے بعد مرکزی حکومت کی جی ایس ٹی کونسل میں ٹکسٹائیلز اورپارچہ جات پر جی ایس ٹی میں اضافہ کے فیصلہ کو ملتوی کردیا ہے۔ گڈس اینڈ سرویسز ٹیکس کونسل نے جی ایس ٹی کی شرح کو 5 فیصد سے بڑھاکر 12 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر یکم جنوری سے عمل آوری تھی۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کی صدارت میں منعقدہ جی ایس ٹی کونسل کے 46 ویں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ کونسل نے فیصلہ کیا کہ جی ایس ٹی میں اضافہ کا فروری میں منعقد ہونے والے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا ۔ تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں کی جانب سے ٹکسٹائیلز اور پارچہ جات پر جی ایس ٹی میں اضافہ کی مخالفت کی گئی ۔ اجلاس میں تمام ریاستوں کے وزرائے فینانس نے شرکت کی۔ گجرات ، تلنگانہ ، مغربی بنگال ، دہلی ، راجستھان اور ٹاملناڈو میں جی ایس ٹی میں اضافہ کی مخالفت کی ہے۔ گجرات کے سورت میں بافندوں نے حکومت کے فیصلہ کے خلاف بطور احتجاج بند منایا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے جی ایس ٹی میں کمی کیلئے مرکز کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ ٹکسٹائیلز انڈسٹری نے جی ایس ٹی میں اضافہ کے فیصلہ کو ملتوی کرنے کے بجائے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں بھی اس شعبہ پر کوئی بوجھ عائد نہ کیا جاسکے۔ر