قبائیلیوں کیلئے تعلیمی اور معاشی سہولتیں، ونود کمار سے نمائندہ وفد کی ملاقات
حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے درج فہرست قبائیل کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کئی اسکیمات تیار کی ہیں جن پر موثر عمل آوری کے ذریعہ قبائیلیوں میں خوشحالی لائی جائے گی۔ قبائیلیوں کی تنظیم کے نمائندہ وفد نے آج ونود کمار سے ملاقات کی اور ریاست میں درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے معاشی طور پر مستحکم کرنے کے علاوہ تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں قبائیلی مذکورہ شعبہ جات میں حکومت کے فوائد سے محروم ہیں۔ نمائندوں نے قبائیلیوں کے مسائل پر ایک یادداشت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دوردراز کے علاقوں میں زندگی بسر کرنے والے قبائیلیوں کو بہتر تعلیمی و طبی سہولتوں کی ضرورت ہے۔ تعلیمی ادارے اور ہاسٹلس کا قیام تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے قبائیلیوں کیلئے اقامتی اسکولس اور ہاسٹلس میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ جنگلاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ دوسرے علاقوں میں بسنے والے ایس ٹی خاندانوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔ ونود کمار نے وزارت قبائیلی بہبود کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ قبائیلیوں کے نمائندوں نے سیاسی طور پر انہیں مناسب نمائندگی دینے کی اپیل کی۔ ونود کمار نے کہا کہ حکومت تمام طبقات بالخصوص کمزور طبقات کی بھلائی اور ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ پسماندہ طبقات کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہوئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ ونود کمار سے ملاقات کرنے والوں میں ریاستی صدر کے کمار، جنرل سکریٹری ایل راجو، اعزازی صدر کے راملو کے علاوہ ریاستی قائدین بابو راؤ ، مدھوسدن اور مہیلا وبھاگ کی کنوینر ملیشوری شامل ہیں۔