ٹی آر ایس حکومت تمام محاذوں پر ناکام

   

پولیس کار ول مشکوک، جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں: ڈی شراون

حیدرآباد : آل انڈیا کانگریس پارٹی کے ترجمان ڈی شراون نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہونے کے بعد غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے اور پولیس ٹی آر ایس کی غلامی کرنے میں مصروف ہوگئی ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اٹھنے والی حق کی آواز کو حکومت پولیس کی طاقت کا بیجا استعمال کرتے ہوئے دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ جرنلسٹ رگھو کی غیرقانونی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے ڈی شراون نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں، غلطیوں، ناانصافیوں اور پالیسیوں میں نقائص کی نشاندہی کرنے والوں کے خلاف سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ جھوٹے مقدمات میں پھنساتے ہوئے انہیں جیل بھیجا جارہا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ خیرت آباد ایریا ہاسپٹل کو 100 بیڈس کے ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے کانگریس قائدین کے خلاف بھی پولیس کی جانب سے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ کانگریس پارٹی ایسے مقدمات سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ کورونا کو کنٹرول کرنے، کورونا ٹسٹ اور ویکسین کے علاوہ ضروری ادویہ کی فراہمی میں ٹی آر ایس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ عوام حکومت سے بدظن ہوگئی ہے۔ 2023ء کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔