کورونا سے یتیم ہونے والے بچوں کی مرکزی حکومت ذمہ داری قبول کرے گی : جی کشن ریڈی
حیدرآباد :۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی آمرانہ حکومت کے خلاف متحدہ مقابلہ کرنے کے لیے سابق وزیر ایٹالہ راجندر بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ ماں باپ سے محروم ہونے والے بچوں کی مرکزی حکومت ذمہ داری قبول کرے گی ۔ لاک ڈاؤن نرمی کے اوقات کا بیجا استعمال نہ کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی اُلٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے ریاست میں میدان تیار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے خلاف متحدہ جدوجہد کے لیے بی جے پی میں شامل ہوجانے کی مختلف قائدین سے اپیل کی ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی بڑی تیزی سے مستحکم ہورہی ہے ۔ ایٹالہ راجندر کی بی جے پی میں شامل ہونے سے بی جے پی مزید مستحکم ہوگی ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایٹالہ راجندر دہلی میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے علاوہ دوسرے قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ بی جے پی کے قائد پدی ریڈی کی ایٹالہ راجندر کی بی جے پی میں شمولیت کی مخالفت اور ان پر کی جانے والی تنقیدوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ڈسپلن ضروری ہے ۔ پدی ریڈی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ جس پر وہ برسر عام ردعمل کا اظہار کرنا مناسب نہیں سمجھتے ۔ بلکہ پارٹی حلقوں میں بات کریں گے ۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ کورونا کی وجہ جو بچے اپنے والدین سے محروم ہوگئے ، مرکزی حکومت ان کی ذمہ داری قبول کرے گی ۔ ان کے تعلیمی اور طبی اخراجات مرکزی حکومت برداشت کرے گی ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے ریاست کے لاک ڈاؤن نرمی کے اوقات میں توسیع کا بیجا استعمال نہ کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ۔۔