حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی شہریت کے مسئلہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ رکن اسمبلی کی جانب سے داخل کی گئی بعض دستاویزات کا جائزہ لینے کیلئے وقت درکار ہے لہذا اس معاملہ کی آئندہ سماعت 15 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ 15 جولائی کو فریقین اپنے دلائل پیش کریں اور مزید وقت طلب نہ کیا جائے۔ ویملواڑہ کے رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی جرمنی کی شہریت کے مسئلہ پر ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ رکن اسمبلی پر دوہری شہریت رکھنے کا الزام ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے حال ہی میں حلفنامہ داخل کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ رکن اسمبلی کی ہندوستانی شہریت منسوخ کردی گئی ہے اور وہ جرمنی کے شہری ہیں۔ رکن اسمبلی نے جوابی حلفنامہ داخل کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے جرمنی کی شہریت ترک کردی ہے۔ مرکزی حکومت سے اس مسئلہ پر جواب طلب کیا گیا ہے۔ عدالت 15 جولائی کو فریقین کے دلائل کی سماعت مکمل کرنا چاہتی ہے۔