یوم خواتین کا اجلاس ، خاتون کے ہاتھ سے مائیک چھین لیا گیا
حیدرآباد : یوم خواتین کے موقع پر تلنگانہ بھون میں منعقدہ پروگرام میں خاتون نے ٹی آر ایس میں 20سال سے خدمات انجام دینے والوں کو نظرانداز کرنے اور پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو عہدے دینے کی شکایت کی جس پر دوسری خاتون قائدین نے اس کے ہاتھ سے مائیک چھین کر اُسے خاموش بٹھا دیا ۔ اس کی خبر سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہے ۔ الکٹرانک و سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی ۔ ٹی آر ایس قائد ارونا نے اپنے خطاب میں پارٹی قیادت پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی کے قیام 2001 سے وہ وابستہ ہیں اور تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے چکی ہیں لیکن قیادت نے بانی ارکان کو اہمیت نہیں دی ، بعد میں پارٹی میں شامل افراد کو عہدے دیئے گئے ، یہاں تک کہ ایک گھر سے تینوں یا چارو ں کو عہدے دیئے گئے لیکن برسوں سے پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے ، جنہیں عہدے ملے وہ خوش ہیں مگر ہم تحریک میں جن مصیبتوں و مسائل سے دوچار ہوئے ہیں اس کو یاد نہیں کیا جارہا ہے ، 20 سال سے صبر کیا جارہا ہے ۔ ابھی پارٹی میں شامل افراد کو عہدے دیئے گئے تو ہم کہاں جائے ، پارٹی قیادت سے استفسار کیا ۔ خاتون اپنی بات مکمل ہی نہیں کرپائی کہ شہ نشین پر موجود دوسری قائدین نے مائیک چھین کر اس خاتون کو خاموش بٹھا دیا ۔