ٹی آر ایس میں پھوٹ کیلئے داخلی عناصر کافی: ڈاکٹر لکشمن

   

سرکاری ملازمین اور وظیفہ یابوں کیلئے پی آر سی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ٹی آر ایس میں موجود کٹپا جیسے کردار پارٹی میں پھوٹ پیدا کرنے کیلئے کافی ہیں۔ اندرا پارک پر ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی جانب سے پی آر سی کے اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے منظم کردہ دھرنا پروگرام میں حصہ لے کر ڈاکٹر لکشمن نے مطالبات کی تائید کی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ٹی آر ایس میں کئی کٹپا کے کردار موجود ہیں اور حکومت کو ان سے چوکس رہنا چاہئے ۔ لکشمن نے پیش قیاسی کی ہے کہ ایسے کٹپا حکومت کو توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا موقف مزید مستحکم ہوگا۔ لکشمن نے کہا کہ حکومت کے خلاف آواز اٹھانے اور عوامی مسائل کے بارے میں سوال کرنے پر اے سی بی کے دھاوے اور جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے سرکاری ملازمین اور وظیفہ یابوں کو مایوس کیا ہے۔ نوجوان روزگار سے محرومی کے سبب خودکشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں غریبوں کی حکمرانی بحال کرے گی۔ لکشمن نے کہا کہ پی آر سی کے اعلان میں تاخیر کے سبب ملازمین سرکار میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔ حکومت پے ریویژن کمیشن سے رپورٹ طلب کرنے کے بجائے کمیشن کی میعاد میں توسیع کرچکی ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا خمیازہ حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے بے چین ہیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ تشہیری اسکیمات کے بجائے وعدوں کی تکمیل پر توجہ دیں۔