ٹی آر ایس پروفیسر جئے شنکر کے مقاصد کی تکمیل کیلئے کوشاں

   

محبوب نگر میں ٹی آر ایس کی یوم تاسیس تقریب۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑکا خطاب

محبوب نگر ۔ ٹی آر ایس پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی کرتے ہوئے میں بڑی مسرت محسوس کررہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے ٹی آر ایس کی یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی شدت کے پیش نظر چیف منسٹر کے سی آر نے کووڈ قواعد کے تحت پرچم کشائی کی ہدایت دی ہے۔ انہوںنے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کا حصول اتنا آسان نہیں تھا بلکہ چیف منسٹر نے اپنی جان کو تک جوکھم میں ڈالا۔ آندھرا کے ارباب اقتدار لوٹ مار اور تلنگانہ کے ساتھ تعصب برتنے کی شدید مخالفت کی اور کامیاب جدوجہد کی بے مثال قیادت کی جس کی بین الاقوامی سطح پر ستائش کی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹی آر ایس پروفیسر جئے شنکر کے مقاصد کی تکمیل کے لئے بلا تکان جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ضلع کے تمام علاقوں کو پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن کے ذریعہ سیراب کیا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ پانچ برسوں میں ہمارا ضلع تلنگانہ کا مثالی ضلع ہوگا۔ اس موقع پر لابڑیز چیرمین راجیشور گوڑ، میونسپل چیرمین نرسمہلو و دیگر موجود تھے۔