ٹی آر ایس کی کامیابی سے محبت اور بی جے پی سے نفرت پھیلے گی: ہریش

   

حیدرآباد۔ وزیر فینانس نے ٹی آر ایس کو محبت نچھاور کرنے والی اور بی جے پی کو نفرت پھیلانے والی جماعت قرار دیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن اور ترقی کیلئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں، بی جے پی کو ووٹ دینے سے الجھن، کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی۔ ووٹ دینے سے پہلے سنجیدگی سے غور کریں جلد بازی اور جذبات میں فیصلے سے پانچ سال مشکلات سے دوچار ہوجائیں گے۔ اسمبلی حلقہ پٹن چیرو کے بھارتی نگر ڈیویژن میں ٹی آر ایس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو کامیاب بنانے پر نریندر مودی نے ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا 6 سال کے دوران کتنی ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں بی جے پی اس کی وضاحت کرے۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں سرمایہ کاری سے دستبرداری اختیار کرکے انہیں خانگی شعبوں میں تبدیل کرنے کا وزیر اعظم پر الزام عائد کیا جس سے لاکھوں عوام بیروزگار ہورہے ہیں۔ بی ایس این ایل، ریلویز، ایر انڈیا، بی پی سی ایل، او این جی سی اداروں کی اہمیت کو گھٹادیا گیا ۔ بی ایچ ای ایل بند ہونے کے قریب ہے۔ وہیں ٹی آر ایس نے بی ایچ ای ایل کو یادادری پاور پراجکٹ سے متعلق 30 ہزار کروڑ روپئے کے کام دیئے ۔ مرکزی یا کسی دوسری ریاست نے بی ایچ ای ایل کو کام نہیں دیا۔ بی جے پی اقتدار میں ترقی کا تناسب 8 فیصد سے کم ریکارڈ کیا جارہا ہے۔