ٹی آر ایس کے کارپوریٹر اور دیگر قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

کارپوریشن انتخابات سے قبل کھمم میں ٹی آر ایس کو دھکہ، اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔ کھمم میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے عین قبل برسر اقتدار ٹی آر ایس کو اس وقت دھکہ لگا جب ضلع کے بعض کارپوریٹرس اور مقامی قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرا مارکا کی موجودگی میں ٹی آر ایس قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ حیدرآباد اور کھم میں دو علحدہ پروگرام منعقد کئے گئے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی موجودگی میں آلیر اسمبلی حلقہ کی ٹی آر ایس قائد مادھوی ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دباؤ کے تحت اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابی اعلامیہ جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ میں شکست کے خوف سے مجالس مقامی کے انتخابات عجلت میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ ناگرجنا ساگر کے نتیجہ کا 2 مئی کو اعلان سے قبل مجالس مقامی کے انتخابات مکمل کرلئے جائیں۔ لہذا 30 اپریل کو 2 کارپوریشنوں اور 5 میونسپلٹیز کی رائے دہی مقرر کی گئی ہے۔ اتم کمارریڈی نے کہا کہ کورونا وباء کے عروج کے موقع پر انتخابات منعقد کرنا عوامی زندگی کو مزید خطرہ میں ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت صرف سیاسی فائدے پیش نظر رکھتی ہے عوام کی زندگی کا تحفظ اس کی ترجیح نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے امید ظاہرکی کہ کھمم کے علاوہ ورنگل کارپوریشن میں بھی کانگریس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی کی دھاندلیوں کے باوجود ناگرجنا ساگر میں جانا ریڈی کی کامیابی یقینی ہے۔ اس موقع پر کھمم کے سابق وزیر چندرشیکھر اور دیگر قائدین موجود تھے۔