ٹی آرایس رکن اسمبلی پر کسانوں کی برہمی

   

حیدرآباد، 2ستمبر (یواین آئی) ٹی آرایس کے جھنڈاجشن پروگرام کے موقع پر گدوال ضلع کے اُونڈاولی میں رکن اسمبلی کو کسانوں و عوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا ۔ عالم پور حلقہ کی نمائندگی کرنے والے وی ایم ابراہم پر کسانوں اور مقامی افراد نے برہمی ظاہر کی۔ کسانوں نے کہاکہ جشن جھنڈا، سنگ بنیاد تقاریب اور افتتاحی تقاریب کیلئے وہ دیہاتوں کا دورہ کررہے ہیں۔آبپاشی کیلئے پانی کی عدم فراہمی پر کسانوں نے ان پر برہمی کااظہارکیا۔کسانوں نے رکن اسمبلی کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے بغیر دوبارہ دیہات کو نہ آئیں۔ قبل ازیں پروگرام سے خطاب میں ابراہم نے کہا کہ فلاحی اور ترقیاتی پروگراموں پر عمل میں وزیراعلی مثالی ہیں اور ملک کی کسی بھی ریاست میں ایسے پروگرام منعقد نہیں کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ ہر خاندان کو حکومت کی جانب سے فائدہ حاصل ہورہا ہے ۔