اراضیات سے محروم کرنے کی شکایت، جگاریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک طرف قبائل کا دن منارہی ہے تو دوسری طرف قبائیلیوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم کردیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی اور اے آئی سی سی رکن سوریہ نائک نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں قبائیلیوں کے مسائل میں اضافہ ہوچکا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں حکومت نے قبائیلیوں کے ساتھ محض زبانی ہمدردی کی جبکہ ان کی ترقی کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں قبائیلیوں کو بھگوان بھروسے چھوڑ دیا گیا ہے۔ قبائیلیوں کی زندگی جنگلات میں ہے اور کانگریس حکومت نے انہیں جنگلاتی اراضی پر اختیارات دیے تھے۔ جبکہ ٹی آر ایس حکومت طویل عرصے سے جنگلاتی اراضی پر کاشت کرنے والے قبائیلیوں کو بے دخل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی کو قبائیلیوں کی ترقی سے غیر معمولی دلچسپی تھی۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں قبائیلیوں کے لیے علیحدہ بجٹ مختص کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو قبائیلیوں کے ساتھ انسانیت کا سلوک کرنا چاہئے۔ جگاریڈی نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں حکومت کی جانب سے قبائیلیوں پر مظالم میں اضافہ ہوچکا ہے۔ قبائیلی جنگلاتی علاقوں میں عہدیداروں کی مداخلت کے سبب غیر محفوظ تصور کررہے ہیں۔
