ٹی آر ایس کی انتخابی بے قاعدگیوں پر قانونی جدوجہد

,

   

اتم کمار ریڈی کی قیام گاہ پر سینئر پارٹی قائدین کا اجلاس
حیدرآباد۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی بے قاعدگیوں کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا۔ سینئر پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ایکس افیشیو ممبرس کی ووٹنگ کے سلسلہ میں برسر اقتدار پارٹی نے جو دھاندلیاں کی ہیں اس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ٹی آر ایس نے بے قاعدگیوں سے میونسپلٹیز پر قبصہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس امیدواروں کو دھمکاتے ہوئے انتخابی مقابلے سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد قانونی لڑائی کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شواہد کے ساتھ اس معاملے کو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر پر کسانوں کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں کسانوں کے ساتھ شدید ناانصافی ہوئی ہے ۔ ریتو بندھو اسکیم پر عمل آور موقوف ہوچکی ہے ۔ کسانوں کو قرض معافی کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ زرعی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ اجلاس میں مجوزہ کوآپریٹیو انتخابات میں پارٹی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر قائدین نے مجوزہ کوآپریٹیو اداروں سے انتخابات میں مقابلے کی تائید کی اور کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کی بے قاعدگیوں کا مقابلہ کیا جائیگا۔ اتم کمار ریڈی کی قیام گاہ پر منعقدہ اجلاس میں سابق اپوزیشن لیڈرس کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، رکن کونسل جیون ریڈی، رکن اسمبلی جگاریڈی، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈاریڈی، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی، سابق وزیر ڈاکٹر چناریڈی، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، جی نرنجن اور دوسروں نے شرکت کی۔