ٹی ایم سی رکن راجیہ سبھا کا احتجاجاً استعفی کا فیصلہ

   

کولکتہ : ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن و سابق آئی اے ایس آفیسر جواہر سرکار نے آرجی کارعصمت دری کے واقعے اور حکومت کے ذریعہ اس سے نمٹنے کے طریقے کار پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔جواہر سرکار نے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے نام ایک خط بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پارٹی اور حکومت میں چند شر پسندعناصر اور بدعنوان افراد کا دبدہ قائم ہوگیا ہے اور یہ حالات اس عناصر کی وجہ سے پیدا ہوا ہے ۔انہوں نے کئی مہینوں سے بنرجی کے ساتھ نجی طور پر بات نہیں ہو نے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بدعنوان عہدیداروں کے خلاف کارروائی نہیں ہونے اور اس مسئلہ کو حل کرنے میں پارٹی کی ناکامی پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے لکھا ہے کہ میں اس پورے صورت حال میں بہت مایوس ہوگیا ہوں کہ کیوں کہ ریاستی یکومت میں بدعنوان لیڈر ان اور افسران پورے نظام پر حاوی ہوگئے ہیں اور حکومت اس پورے معاملے میں بے فکر ہیں ۔سرکار نے کہاکہ میں چند چیزیں کسی بھی صورت میں قبول نہیں کر سکتا ہوں۔بدعنوان افسران اور ڈاکٹروں کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کردیا جائے ۔جواہر سرکار کا استعفیٰ ایسے وقت میں آیا ہے جب کلکتہ اور مغربی بنگال کے دوسرے حصوں میں آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال میں جونیئر ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے واقعے کے بعد احتجاج جاری ہے ۔حکومت کے خلاف عوامی غم وغصہ ہے ۔ جواہر سرکار نے لکھا ہے کہ میں نے ان تمام سالوں میں حکومت کے خلاف ایسا غصہ اور مکمل عدم اعتماد نہیں دیکھاہے ۔