ملزم کے خلاف کمسن لڑکی سے دست درازی پر پوکسو کے تحت بھی مقدمہ درج
حیدرآباد 29 جون ( سیاست نیوز ) ٹی وی نیوز اینکر سویتا وٹار کر کی خود کشی معاملہ میں ملزم پورنا چندر بداوت کو عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے ۔ پورنا چندر کے خلاف کمسن لڑکی کے ساتھ دست درازی کے معاملہ میں پوکسو مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا ۔ پورنا چندر نے ٹی وی نیوز پریزینٹر کی خود کشی کے معاملہ میں کل پولیس میں خود سپردگی اختیار کی تھی جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ملزم کو مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا ۔ پورنا چندر کے خلاف خودکشی کیلئے اکسانے کے الزام کے تحت بی این ایس کے دفعہ 69 اور بی این کے دفعہ 108 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ متوفی نیوز پریزینٹر سویتا وٹارکر کی کمسن دختر کے بیان کی بنیاد پر پورناچندر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ متوفی کی لڑکی نے دعوی کیا تھا کہ ماضی میں پورنا چندر نے اس کے ساتھ مبینہ طور پر دست درازی کی کوشش کی تھی ۔ اس بنیاد پر پورنا چندر کے خلاف پوکسو کے تحت بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے سے قبل پورنا چندر کا بیان قلمبند کیا تھا ۔ پولیس نے نیوز اینکر کی خودکشی کیلئے پورنا چندر کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ اس پر اعتماد شکنی کے بھی الزامات ہیں۔ سویتا وٹارکر جمعہ کی رات جواہر نگر میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھی ۔ وہاں وہ اپنی والدہ اور اسکول جانے والی دختر کے ساتھ رہتی تھی ۔ملزم پورنا چندر کے سیاسی قائدین سے بھی روابط بتائے گئے ہیں اور مختلف قائدین کے ساتھ اس کی تصاویر بھی سوشیل میڈیا پر گشت کر رہی ہیں۔