ٹی وی کی ترقی زمین پر دکھائی نہیں دیتی:پرینکا کا مودی پر طنز

,

   

رائے بریلی میں بھائی راہول گاندھی کیلئے مہم‘ عوام سے ووٹ دینے کی اپیل

رائے بریلی: اترپردیش کے رائے بریلی کی پارلیمانی سیٹ پر اپنے بھائی راہول گاندھی کی حمایت میں انتخابی مہم کے لئے پہنچیں اسٹار مہم ساز پرینکا گاندھی نے بی جے پی کے ترقی کے دعوی پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر جو بھی ترقی دکھائی جا رہی ہے وہ زمین پر دکھائی نہیں دیتی اور گمراہ کن اور غلط چیزیں دکھائی جا رہی ہیں۔ پرینکا نے نیائے سنکلپ ریالی میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنے ارب پتی دوستوں کا قرض معاف کرتے ہیں خود 16 ہزار کروڑ کے طیارے میں گھومتے ہیں لیکن عوام غریبی میں جی رہے ہیں۔راہول گاندھی نے اپنی 4ہزار کلو میٹر کی کنیا کماری سے کشمیر تک کی نیائے یاترا کے دوران عوام کے مسائل کو قریب سے دیکھا اور ان کی درخواست کے بعد کانگریس پارٹی نے یہ منشور تیار کیا ہے جس میں خواتین کو تقریباً 8000 روپے کی رقم اور بے ر وزگاروں اور خواتین کو نوکریاں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا یہ طریقہ ہے کہ کوئی کتنی ہی محنت کرے ، نوکری نہیں ملے گی، لوگ شادی کی عمر کو بھی پہنچ رہے ہیں۔ پیپرز لیک ہو جاتے ہیں، نوجوان پریشان اور لوگوں کی زندگیاں تباہ ہو جاتی ہیں۔ آج پنشن بھی نہیں ملتی۔انہوں نے الزام لگایا کہ بڑے بڑے روزگار دینے والی کمپنیوں کو وزیر اعظم مودی نے اپنے ارب پتی دوستوں کے حوالے کردیں۔ نریندر مودی نوٹ بندی اور ایسی پالیسیاں لائے ہیں کہ لوگ صنعت اور کاروبار سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے بی جے پی لیڈر اور امیدوار کسی ترقی کی بات نہیں کریں گے ، لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کریں گے اور مذہب کی بات کریں گے جبکہ سچا لیڈر صحیح بات اور کام کی بنیاد پر ووٹ مانگتا ہے ۔ بی جے پی کے لوگ صرف ڈرا دھمکا کر عوام کو گمراہ کریں گے کہ کانگریس عوام کا منگل سوتر بھینس چھین کر اقلیتوں کو دے گی۔انہوں نے کہا سچائی یہ ہے کہ 55 سال حکومت کرنے کے باوجود کانگریس نے کبھی ایسا نہیں ہونے دیا، اس کے برعکس اندرا گاندھی نے خود اپنے زیورات ملک کے لیے عطیہ کردیے ۔ ان کے خاندان کے افراد، ان کے والد اور دادی نے ملک کے لیے شہادتیں دی ہیں۔ آج بی جے پی دنیا کی سب سے امیر پارٹی ہے ۔عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہاں کے لوگ راہول گاندھی اور گاندھی خاندان پر بھروسہ کرتے ہیں اور اس لئے کانگریس کو بھاری ووٹوں سے ضرور کامیاب کریں گے ۔آج آپ کو راہول گاندھی جیسا کوئی لیڈر نہیں ملے گا جو عوام کے مسائل جاننے کے لیے 4 ہزار کلومیٹر کا طویل سفر پیدل طے کرے اور عوام کی خوشی اور غم میں شریک ہو۔

امیت شاہ کی میٹنگ میں صحافی کو مارا پیٹا گیا
پولیس خاموش تماشائی:پرینکاگاندھی
نئی دہلی: کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی وڈرا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کے کارکن رائے بریلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی انتخابی ریالی میں ایک صحافی کو مارتے رہے لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔پرینکا گاندھی نے دعویٰ کیا کہ صحافی امیت شاہ کی انتخابی ریالی کے دوران خواتین سے بات کر رہے تھے اور خواتین کہہ رہی تھیں کہ انہیں پیسے دے کر انتخابی ریالی میں لایا گیا تھا لیکن بی جے پی کارکنوں کو یہ بات پسند نہیں آئی اور انہوں نے صحافی کی پٹائی کی۔انہوں نے کہاکہ صحافی راگھو ترویدی کو رائے بریلی میں وزیر داخلہ کی میٹنگ میں بی جے پی کے لوگوں نے بے دردی سے پیٹا۔ وزیر داخلہ تقریر کرتے رہے اور پولیس خاموش تماشائی بن کر دیکھتی رہی۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہاکہ بی جے پی جس نے پورے ملک کے میڈیا کو خاموش کر دیا ہے ان کے خلاف اٹھنے والی کسی بھی آواز کو برداشت نہیں کر سکتی۔ بی جے پی جمہوریت کو تباہ کر کے آئین کو ختم کرنے اور عوام کی آواز چھیننے کی مہم چلا رہی ہے ۔