نئی دہلی ۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ رواں سال ٹی20 کرکٹ ورلڈکپ آسٹریلیا کے بجائے ہندوستان میں منعقد کیا جا سکتا ہے تاہم انہوں نے ایونٹ کے انعقاد کو وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بہتری سے مشروط کیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا میں کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد رواں سال 18 اکتوبر سے نومبر کی15 تاریخ تک ہونا ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ وہ ایونٹ کے انعقاد کے لیے تمام راستوں کو مدنظر رکھے ہوئے ہے۔سنیل گواسکر نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ جیسا کہ سب جانتے ہیں آسٹریلیا نے اپنے ملک میں کسی بھی غیرملکی کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور ٹورنمنٹ اکتوبر کے وسط میں ہونا ہے تو اس موقع پر یہ مشکل نظر آتا ہے۔گواسکر نے کہا کہ اگلے سال ٹی 20 ورلڈکپ ہندوستان میں منعقد ہونا ہے اور اگر دونوں ملک کسی معاہدے تک پہنچتے ہیں اور ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آتی ہے تو ٹورنمنٹس کا تبادلہ ممکن ہے۔ٹورنمنٹ رواں سال اکتوبر نومبر میں ہندوستان اور اگلے سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں منعقد کیا جا سکتا ہے۔سنیل گواسکر نے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) جو گزشتہ ماہ کی 29 تاریخ سے شروع ہونا تھا ٹی 20 ورلڈکپ کے آغاز سے قبل منعقد کی جا سکتی ہے۔70 سالہ گواسکر نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں میں ٹورنمنٹس کے تبادلے کا معاہدہ ہوتا ہے تو آئی پی ایل ٹی20 ورلڈکپ سے قبل منعقد کرکے کھلاڑیوں کو پریکٹس کا موقع مل سکتا ہے۔کورونا کی وجہ سے عالمی کرکٹ کیلنڈر پر غور کرنے کے لیے عالمی کرکٹ کونسل نے رواں ہفتے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے 15 ملکوں کے بورڈز سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی 20 ورلڈکپ اب ہر سال کھیلا جاتا ہے۔ہندوستان میں کورونا وائرس کے 19 ہزار سے زائد جبکہ آسٹریلیا میں سات ہزار کے لگ بھگ معاملات ہیں۔