نیویارک : امریکی کار کمپنی ٹیسلا نے 2021 میں تقریباً 10 لاکھ نئی گاڑیاں اپنے صارفین تک پہنچائیں۔ یہ تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً دوگنا تھی۔ اس الیکٹرک کار ساز کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسلا نے 2021 میں اپنے تمام ماڈلز کی 9لاکھ 36ہزار سے زائد نئی کاریں اپنے گاہکوں کو فراہم کیں۔ یہ تعداد 2020ء کے مقابلے میں 87 فیصد زیادہ بنتی ہے۔ٹیسلا نے گزشتہ سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ اس کا مقصد اگلے کئی سالوں کے دوران اپنی گاڑیوں کی ڈلیوری میں ہر سال 50 فیصد اضافہ کرنا ہے۔ یوں گزشتہ برس حاصل کردہ نتائج اس سالانہ ہدف سے کہیں زیادہ تھے۔ٹیسلا نے حال ہی میں اپنا ہیڈکوارٹر پالو آلٹو، کیلیفورنیا سے آسٹن، ٹیکساس میں منتقل کیا ہے۔ اس کمپنی نے ماڈل تھری اور ماڈل وائی کی قریب 9لاکھ اور لگڑری ماڈل ایس اور ایکس کی قریب 25 ہزار گاڑیاں فروخت کیں۔ گزشتہ برس کی صرف چوتھی سہ ماہی میں ہی ٹیسلا نے 3لاکھ 8ہزار 600کاریں فروخت کیں۔ٹیسلا کمپنی بظاہر عالمی لاجسٹکس کے ان مسائل پر قابو پانے میں کامیاب رہی، جنہوں نے آٹوموبائل انڈسٹری کو پریشان کیے رکھا تھا۔
اس امریکی کار ساز کمپنی کے سربراہ ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ نئے چپ ڈیزائن اور ری رائٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے سیمی کنڈکٹرز کی کمی کو پورا کرنے میں کامیاب رہے۔