واشنگٹن ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹیکنالوجی ادارے ٹیسلا کے سربراہ ایلون مْسک نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے وینٹیلیٹرز بنانے کی پیشکش کی ہے۔ اس سے قبل امریکہ نے حفاظتی ماسکس عطیہ کرنے سے متعلق اپیل جاری کی تھی۔ چہارشنبہ کے روز عالمی ادارہ صحت نے بھی کہا تھا کہ وہ چین اور دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے تاکہ صحت سے متعلق آلات حاصل کیے جا سکیں۔ بتایا گیا ہے کہ جنرل موٹرز اور فورڈ موٹرز نے بھی آلات کی تیاری سے متعلق امریکی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ٹیسلا کے چیف ایگزیکیوٹیو ایلون مْسک نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اگر وینٹیلیٹرز کی کمی ہے، تو ان کا ادارہ تیار کر سکتا ہے۔