نئی دہلی ۔ ہندوستانی خاتون ونڈے ٹیم کی کپتان متھالی راج نے کہا ہے کہ ٹیم مستقبل کے ایونٹس سے پریشان ہے اور وہ نہیں جانتیں کہ وہ کس لئے ٹریننگ کر رہی ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور اب بھی خواتین ٹیم کے پروگرام کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے ۔ اگرچہ مردوں کی ٹیم آئی پی ایل کے لئے متحدہ عرب امارات میں ہے اور وہ سال کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ کرنے والے ہیں لیکن خواتین ٹیم کے دورے کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔متھالی نے کہا کہ ٹیم مستقبل کے بارے میں فکرمند ہے کیونکہ ہمیں نہیں معلوم کہ ہم کس لئے ٹریننگ کررہی ہیں۔ اس کے لئے ایک مقصد کی ضرورت ہے ۔ اس سے پہلے اگر ہمیں بین الاقوامی سیریزکھیلنی ہوتی اور یہ غیر ملکی سفر ہوتا تو ہم اس کے مطابق تیاری کرتے تھے ۔ اگر کوئی ڈومیسٹک سیریزہوتی تو ہم اس کے مطابق تیاری کرتے لیکن ہمیں ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ ہم کس لئے تربیت کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ اگر مسابقتی کرکٹ ، بین الاقوامی سیریز یا ڈومیسٹک پروگرام نہیں ہے تو پھر تربیت کا کوئی مقصد نہیں ہے ۔ لیکن اس وقت کے دوران ایک مثبت بات یہ ہوئی ہے کہ ہمیں آہستہ آہستہ بہتر سہولت مل رہی ہیں۔ ونڈے کپتان نے کہا کہ لیکن یہاں بھی وقت کی حد آ گئی ہے ۔پہلے ہم جاکر بیٹنگ کرتے تھے اورہمارے پاس15 نیٹ بولر تھے اور ہم ایک سے دو گھنٹے تک بیٹنگ کرسکتے تھے ۔متھالی نے کہا کہ لیکن ابھی آپ کو وقت کے ساتھ سب کچھ کرنا ہے اورہوسکتا ہے کہ نیٹ بولرزکی تعداد بھی کم ہوجائے اور صرف دو تین بولر ہی موجود ہوں۔ یہی وہ تبدیلی ہے جسے موجودہ کھلاڑیوں کو قبول کرنا ہے ۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ ایک وقت میں ہم میچ کھیلیں گے لہذا ٹیم کے کھلاڑی اپنی فٹنس پر توجہکر رہی ہیں۔