سینٹ پیٹرزبرگ ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) رواں برس مجوزہ فرنچ اوپن کے ستمبرمیں انعقاد کا فیصلہ کرنے کے بعد مینز اور ویمنز کے یورپین کلے کورٹ سیزن کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا تاہم اب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈبلیو ٹی اے اور اے ٹی پی سیزن کو7 جون تک معطل کردیا گیا ہے۔دونوں ٹورآرگنائزرز نے واضح کردیا ہے کہ ٹینس کے تمام مقابلوں کو اب 8 جون سے ری شیڈول کیا جائے گا جس کیلئے منصوبہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ اے ٹی پی نے گزشتہ ہفتے تمام ٹور ایونٹس27 اپریل تک جبکہ ڈبلیو ٹی اے نے دو مئی تک روکنے کا اعلان کردیا تھا تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر اس مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے صدر ڈیوڈ ہیگرٹی نے کہا ہے کہ موجودہ سخت حالات اس بات کا تقاضہ کر رہے تھے کہ ان تمام افرادکو یکجا نہ رکھا جائے جو ایونٹس ملتوی ہونے کے باعث متاثر ہو سکتے ہیں کیونکہ انہیں غیر یقینی حالات سے باہر نکالنا لازمی تھا۔کوروناوائرس کی وجہ سے پہلے ہی سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کو ملتوی کردیا گیاہے اور اب یہ اگست کے بجائے ستمبر میں کھیلا جانا تھا لیکن حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا تھا ۔ علاوہ ازیں سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن پر بھی مہلک وبا کے اثرات پڑنے شروع ہوچکے ہیں کیونکہ امریکہ بھی وائرس کی وجہ سے کافی متاثر ہے۔