لوگوں کی جان بچانے والے شخص کی چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بروقت مدد کی
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ٹینک بنڈ پر بے شمار افراد کی زندگی بچانے والے ٹینک بنڈ شیوا کی مالی مدد کرتے ہوئے ان کے فرزند کو ہوم گارڈ کی ملازمت فراہم کی ہے ۔ شیوا نے ٹینک بنڈ پر اقدام خودکشی کرنے والے کئی افراد کی زندگی بچائی اور وہ ٹینک بنڈ شیوا کے نام سے مشہور ہوچکے ہیں ۔ شیوا کے معاشی مسائل کے بارے میں اطلاع ملنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مشکل کی اس گھڑی میں خاندان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شیوا اور ان کے افراد خاندان کو ان کی قیامگاہ پر مدعو کرتے ہوئے چیف منسٹر نے پانچ لاکھ روپئے کی امداد حوالے کی اور شیوا کے فرزند رینو مادھو کو پولیس ہوم گارڈ کی ملازمت کے احکامات حوالے کئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹینک بنڈ کے قریب شیوا کو سوئمنگ پل کی تعمیر کا انتظام کریں تاکہ وہ اپنے گھر کی کفالت کرسکیں۔ انہوں نے شیوا کو ڈبل بیڈروم مکان الاٹ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ شیوا اور ان کے افراد خاندان نے مالی امداد اور فرزند کو ملازمت کی فراہمی پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران شیوا نے ٹینک بنڈ میں اقدام خودکشی کرنے والے کئی مرد و خواتین کی جان بچائی ۔1