ٹینک بنڈ پر کانگریس کی موم بتیوں کے ساتھ احتجاجی ریالی

,

   

راہول گاندھی پر حملہ کی مذمت‘اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین گرفتار
حیدرآباد: اترپردیش میں دلت لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ٹینک بنڈ پر احتجاجی ریالی منظم کی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی قیادت میں سینئر قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے موم بتیوں کے ساتھ ریالی کا اہتمام کیا۔ تاہم پولیس نے تمام قائدین کو حراست میں لے کر رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ دلت لڑکی کی عصمت ریزی کے خلاف احتجاج اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کیلئے جانے والے قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی گرفتاری کی مذمت کی گئی ۔ پولیس کی جانب سے راہول گاندھی پر حملہ پر قائدین نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور اترپردیش حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ اتم کمار ریڈی کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، کسم کمار ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس انجن کمار یادو ، نامپلی انچارج فیروز خاں ، سابق وزیر ششی دھر ریڈی ، اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون ، ڈاکٹر چنا ریڈی، عظمیٰ شاکر، سید واجد حسین اور دیگر کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ریالی کے موقع پر ہلکی کشیدگی پیدا ہوگئی جب پولیس نے پلے کارڈس تھامے ہوئے کانگریس قائدین کو آگے بڑھنے سے روک دیا ۔ اتم کمار ریڈی اور پولیس عہدیداروں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ ٹینک بنڈ پر کانگریس کے اچانک احتجاج سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ یو پی میں جنگل راج ہے۔

اپوزیشن قائدین کو متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اجازت نہیں۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ پولیس کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک کے دو اہم قائدین کے ساتھ پولیس کا رویہ قابل مذمت ہے۔ اترپردیش حکومت کے اشارہ پر پولیس نے یہ کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت کی اس کارروائی سے عوامی احتجاج مزید پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ہی دلتوں اور کمزور طبقات کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے معین آباد علاقہ میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل معاملہ میں کانگریس نے احتجاج کیا جس کے بعد خاطی کے خلاف نربھئے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کمسن لڑکی کے خاندان کو انصاف دلانے تک کانگریس جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول و پرینکا گاندھی سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ لہذا انہیں یو پی کا دورہ کرنے سے روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش کی نہیں بلکہ ملک بھر میں بی جے پی کا زوال یقینی ہے۔

کسانوں کے مفادات کا بہر قیمت تحفظ : کے سی آر
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے واضح کیا کہ وہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کسی بھی حد تک جائیں گے ۔ انہوں نے آج محکمہ آبی وسائل کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں کہا کہ وہ ریاست کے جائز حق کے ہر قطرہ آب کا تحفظ کرینگے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دو تلگو ریاستوں کے مابین آبی تقسیم کے مسئلہ پر 6 اکٹوبر کو ہونے والے اپیکس کونسل اجلاس کیلئے مستحکم دلائل تیار کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کرشنا اور گوداوری کے پانی میں ریاست کا جو جائز حق ہے اس کے ہر قطرہ کا استعمال کیا جائے گا ۔