ٹیچنگ ہاسپٹلس میں 1442 نئے اسسٹنٹ پروفیسرس کا تقرر

   

30 اپریل کو منتخب امیدواروں کی فہرست جاری ہوگی، 5 مئی کو تقرری احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست کے ٹیچنگ ہاسپٹلس میں 1442 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقرری کے احکامات 5 مئی سے جاری کئے جائیں گے جس کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے گذشتہ سال ڈسمبر سے ہی تقررات کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ 28 مارچ کو میرٹ فہرست جاری کی گئی تھی۔ 29 مارچ تا 13 اپریل اعتراضات قبول کئے گئے۔ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویس ریکروٹمنٹ بورڈ (MHSRB) نے ایک ہزار سے زائد اعتراضات پر غور کرنے کے بعد قطعی فہرست تیار کی۔ میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ منتخب امیدواروں کی فہرست کا 30 اپریل کو اعلان کیا جائے گا۔ ٹیچنگ ہاسپٹلس کے تمام 34 شعبہ جات میں اسسٹنٹ پروفیسرس کا تقرر کیا جائے گا۔ زیادہ تر جائیدادیں گائنا کالوجی، انستھیسیا، جنرل سرجری، جنرل میڈیسن، پیڈیاٹرکس اور آرتھو پیڈکس کے شعبوں میں بھرتی کی جارہی ہے۔ ابتداء میں1,147 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیداد و پر تقررات کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن مخلوعہ جائیدادوں کے مدنظر مزید 295 جائیدادوں پر تقررات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر تقررات کا عمل مکمل ہوجاتا ہے تو ٹیچنگ ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس کی قلت بڑی حد تک ختم ہوجائے گی۔ ریاست میں جاریہ تعلیمی سال سے 9 نئے میڈیکل کالجس کا آغاز ہورہا ہے اس سے منسلک ٹیچنگ ہاسپٹلس میں نئے اسسٹنٹ پروفیسر کے تقررات کارآمد ثابت ہوں گے۔ پہلے سے خدمات انجام دینے والے 210 ڈاکٹرس کو سنیاریٹی کی بنیاد پر اسوسی ایٹ پروفیسرس کے عہدیدوں پر ترقی دی جائے گی۔ حال ہی میں ٹیچنگ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے 67 اسوسی ایٹ پروفیسرس کو بطور پروفیسرس ترقی دی گئی ہے۔ نئے میڈیکل کالجس میں کلاسیس کے آغاز سے قبل تدریسی عملے کے تقررات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ن